لاہور ( پنجاب پوسٹ)حکومت نے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ کئی ہفتوں میں مسلسل کمی کے بعد اضافہ کر دیا ہے۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی، جنگ بندی کے باوجود مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکی۔ گزشتہ چند روز کے دوران آبنائے ہرمز کے قریب سلامتی کی صورتحال دوبارہ غیر یقینی ہوئی جس کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل اور خصوصاً پیٹرول و ڈیزل کی سپلائی سے متعلق خدشات نے قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا۔
توانائی کے ماہرین کے مطابق اگرچہ بعض اوقات خام تیل کی قیمتیں نسبتاً کم بھی ہو جاتی ہیں لیکن ریفائنریز کی محدود پیداوار، شپنگ کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور سپلائی چین میں رکاوٹیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بلند رکھ سکتی ہیں۔ عالمی توانائی ایجنسی بھی خبردار کر چکی ہے کہ موجودہ حالات میں پیٹرول اور ڈیزل کی عالمی سپلائی دباؤ کا شکار رہ سکتی ہے۔

پاکستان اپنی ضرورت کا بڑا حصہ درآمدی تیل سے پورا کرتا ہے اس لیے عالمی منڈی میں معمولی اتار چڑھاؤ بھی مقامی قیمتوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔ حکومت کی جانب سے حالیہ اضافہ بھی اسی عالمی پس منظر میں کیا گیا ہے، جس کے اثرات ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش کی ترسیل اور مجموعی مہنگائی پر پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔








