لاہور ( پنجاب پوسٹ) ہیڈ آف ٹریفک پنجاب کے احکامات پر صوبے بھر میں موٹر سائیکل لائسنس کے اجراء میں ریلیف جاری ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ایک ہی دن میں لرننگ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال پنجاب میں موٹر سائیکل سواروں کو 28 لاکھ 23 ہزار سے زائد لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ 11 لاکھ سے زیادہ شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔
ترجمان کے مطابق رواں سال 8 لاکھ سے زائد شہریوں نے لرنر اور ریگولر لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ 8 لاکھ 56 ہزار سے زیادہ افراد نے لرننگ سہولیات سے استفادہ کیا۔ اسی دوران 12 ہزار سے زائد شہریوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے خلاف عالمی سازش: تنہا لڑنے والا پاکستان کیسے مقابلہ کر رہا ہے؟: پنجاب میں موٹر سائیکل سوار ایک ہی روز میں لرنر اور ریگولر لائسنس کب تک بنوا سکتے ہیں؟ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر موٹر سائیکل سواروں کے لیے ریلیف جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات میں بڑی تعداد بغیر لائسنس موٹر سائیکل سواروں کی ہوتی ہے، اس لیے صوبہ بھر میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے فوری ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں اور خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز یا آن لائن لائسنسنگ پورٹل سے سہولت حاصل کریں۔










