کبیر والا( پنجاب پوسٹ) ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر صحت دشمن مافیا کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ، محلہ غوثیہ کبیروالا میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤس اور نیازی چوک پر کولڈ ڈرنکس کے سٹور پر چھاپہ،1 ہزار 270 لیٹر ایکسپائری کولڈ ڈرنکس، 3 من بیمار جانور کا گوشت تلف، سلاٹر ہاؤس مالک کیخلاف ایف آئی آر درج، کولڈ ڈرنکس ہول سیلر 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر کبیروالا میں 2 بڑی کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں زائدالمعیاد کولڈ ڈرنکس اور مضر صحت گوشت برآمد کرکے تلف کردیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق معروف برانڈز کی ایکسپائری کولڈ برآمد کی گئی۔
غیر معیاری کولڈ ڈرنکس مختلف کریانہ اور ڈرنک کارنرز پر سپلائی کی جانی تھیں۔ اسی طرح بیمار اور لاغر جانور کو ذبح کرکے گوشت مارکیٹ میں سپلائی کیا جانا تھا۔ ویٹرنری ڈاکٹر کے مطابق گوشت ناقابل استعمال استعمال اور صحت کیلئے انتہائی مضر پایا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر معاشرے کیلئے ناسور ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صحت دشمنوں کیخلاف پنجاب بھر میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔










