راولپنڈی ( پنجاب پوسٹ )راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد سیکٹر 2 میں گھر کے اندر فائرنگ سے نجی ٹی وی کی پروگرام ہوسٹ ربیعہ احسن جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس نے واقعے پر کیا کہا ؟
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق ربیعہ احسن کی لاش گھر کے بیڈ روم سے ملی، مقتولہ کو سامنے سے گردن کے نیچے ایک گولی لگی۔
سی پی او کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جبکہ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر احسن کو گرفتار کرلیا ہے۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ قتل کی تفتیش شروع کردی گئی ہے اور شواہد کی روشنی میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن کی عمر تقریباً 40 سال تھی اور وہ دو بیٹیوں کی ماں تھیں۔ پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :راولپنڈی ، معروف اینکر پرسن اپنے فلیٹ پر مردہ حالت میں ملیں ، تحقیقات جاری
وزیر اطلاعات پنجاب نے واقعے پر کیا کہا؟
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب اعظمی بخاری نے پنجاب پولیس کا مئوقف بتاتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ رابعہ احمد، جن کی عمر 41 سال تھی اور وہ 92 نیوز سے وابستہ صحافی تھیں، اپنے کمرے میں مردہ پائی گئیں۔ انہیں سر میں گولی لگی تھی۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ان کے شوہر احسن طاہر خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسلحے کے ساتھ کھیلتے ہوئے اتفاقی طور پر گولی چل گئی۔
ملزم کو واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
قتل کی اطلاع کس نے دی ؟
پولیس حکام کے مطابق پولیس کو اطلاع ربیعہ احسن کی والدہ نے دی، جو ساتھ ہی رہتی تھیں۔ شوہر گھر میں ہی تھا۔ اسی کے خلاف ایف آئی آر بھی درج ہو رہی ہے۔
اینکر پرسن نے میڈیا کولیگز کو کیا بتایا ؟
مرحومہ کے بھائی خرم نے میڈیا کولگیز کو کال کرکے الزام عائد کیا کہ احسن کا ربیعہ آپی سے جھگڑا ہوا ہے اور اس نے آپی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ احسن سرکاری محکمے میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں ۔ جبکہ مرحومہ کے شوہر نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ رابعہ کی والدہ موقعہ پر موجود تھیں،انہی سے معلومات لے لیں ۔
رات کو ٹاک شو ،موت سے ایک گھنٹہ قبل یوٹیوب پر وی لاگ آپ لوڈ ہوا
اینکر پرسن رابیعہ کی آخری وڈیو ایک گھنٹہ قبل انکے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ ہوئی ہے! لیکن اب رابعہ اس دنیا میں نہیں ہیں ۔ جبکہ انہوں نے اینکر پرسن عامر متین کیساتھ گزشتہ شب اپنا آخری پروگرام کیا۔
اینکر پرسن رابعہ احسن کون تھیں؟
رابعہ احسن ہم ٹی وی کی لانچنگ ٹیم کا حصہ رہیں،انہوں نے ابتدا میں وہاں پروگرام کی میزبانی کی۔ بعد ازاں انہوں نے جی ٹی وی کی ٹیم میں شمولیت اختیار کی جبکہ ان دنوں وہ نجی چینل 92 نیوز پر عامر متین کے ساتھ بطور میزبان کام کر رہی تھیں












